Saturday, 22 November 2014

دل کو مٹا کے داغ تمنا دیا مجھے

دل کو مٹا کے داغِ تمنا دیا مجھے
اے عشق! تیری خیر ہو یہ کیا دیا مجھے
محشر میں بات بھی نہ زباں سے نکل سکی
کیا جھک کہ اس نگاہ نے سمجھا دیا مجھے
میں اور آرزوئے وصالِ پری رُخاں
اس عشق سادہ لوح نے بہکا دیا مجھے
ہر بار یاس ہجر میں دل کی ہوئی شریک
ہر مرتبہ امید نے دھوکا دیا مجھے
اللہ رے تیغِ عشق کی برہم مزاجیاں
میرے خونِ شوق میں نہلا دیا مجھے
خوش ہوں کہ حسنِ یار نے خود اپنے ہاتھ سے
ایک دل فریب داغِ تمنا دیا مجھے
دنیا سے کھو چکا ہے مرا جوشِ انتظار
آواز پائے یار نے چونکا دیا مجھے
دعویٰ کیا تھا ضبطِ محبت کا اے جگرؔ
ظالم نے بات بات پہ تڑپا دیا مجھے

جگر مراد آبادی

No comments:

Post a Comment