Thursday, 25 March 2021

تجھ سے بچھڑ کے یوں تو بہت جی اداس ہے

 تجھ سے بچھڑ کے یوں تو بہت جی اُداس ہے

لیکن یہ لگ رہا ہے کہ تُو میرے پاس ہے

دریا دکھائی دیتا ہے ہر ایک ریگ زار

شاید کہ ان دنوں مجھے شدت کی پیاس ہے

حیرت سے سب کو تکتے ہیں پتھر بنے ہوئے 

جادوگروں کے شہر میں اپنا نواس ہے

تم کو سنا رہا ہے لطیفے جو رات دن

وہ آدمی تو تم سے زیادہ اداس ہے

ویراں ہے میرا گھر بھی اسی طرح دوستو 

کالج میں جس طرح کوئی اردو کلاس ہے 

پوچھو کوئی سوال ملے گا غلط جواب

والیؔ ہر ایک شخص یہاں بد حواس ہے


والی آسی

No comments:

Post a Comment