Thursday 27 January 2022

مصداق حرفِ آیۂ تطہیر ہیں حسین

 عارفانہ کلام منقبت سلام مرثیہ بر امام حسین


مصداق حرفِ آیۂ تطہیر ہیں حسینؑ

مرآۃ لا الہ کی تنویر ہیں حسین

آئنیہ استعانت صبر و صلوٰۃ کا

آیات بینات کی تفسیر ہیں حسین

مظہر ہیں سر آیۂ ذبحِ عظیم کا

اک لازوال خواب کی تعبیر ہیں حسین

سیرت میں خُلق سرورِؐ کونین کی شبیہ

صورت میں بھی حضورؐ کی تصویر ہیں حسین

ریحان و روحِ گلشن سلطان دو جہاں

خوشبوئے خلد عدن کی تشہیر ہیں حسین

پردیس میں ہر ایک غریب الوطن کا ناز

تشنہ لبی کی دہر میں توقیر ہیں حسین

سیراب کر دیا چمن دین مصطفٰیﷺ

تا حشر روحِ نعرۂ تکبیر ہیں حسین

حاصل ہے مجھ کو بیعتِ شبیر کا شرف

شہزاد میں مرید ہوں اور پیر ہیں حسین


شہزاد مجددی

No comments:

Post a Comment