جانِ نگاہ و روحِ تمنا چلی گئی
اے نجدِ آرزو میری لیلیٰ چلی گئی
رخصت ہوئی دیار سے اک نازشِ دیار
صحرا سے اک غزالۂ صحرا چلی گئی
برباد ہو گئی مِری دنیائے جستجو
دنیائے جستجو، مِری دنیا چلی گئی
زہرہ میرا ستارۂ قسمت خراب ہے
ناہید! آج میری ثریا چلی گئی
کس سے کہوں کہ اک سراپا وفا مجھے
تنہائیوں میں چھوڑ کر تنہا چلی گئی
نورِجہانِ شعر نے سب کچھ بھلا دیا
زیب النسائے نظمِ معلٰی چلی گئی
مجھ کو ملامتوں کے جہنم میں چھوڑ کر
اک خلدِ عہد و جنتِ ایفا چلی گئی
اب انتظارِ عشرتِ فردا نہیں رہا
امید گاہِ عشرتِ فردا چلی گئی
کیسے کہوں کہ غمِ الفت فریب تھا
کیسے یقین کروں کہ زلیخا چلی گئی
اے بزمِ دخترانِ قبیلہ! یہ کیا ہوا
وہ جانِ دلبرانِ قبیلہ چلی گئی
فرہاد سن لیا تِری شیریں کہاں ہے آج
وامق خبر بھی ہے، تِری عذرا چلی گئی
اس انجمن سے رقصِ تماشہ طلب نہ کر
جس انجمن کی انجمن آرا چلی گئی
جون ایلیا
No comments:
Post a Comment