Sunday, 1 October 2023

یہ کالی رات یہ خاموشیاں معاذاللہ

 یہ کالی رات یہ خاموشیاں معاذاللہ

ہجومِ یاس یہ بے چینیاں معاذاللہ

دلِ حزیں! یہ تصور کی فتنہ سامانی

کسی کی یاد میں بیداریاں معاذاللہ

امنڈ رہے ہیں مِرے قلب پر یہ بادل

یہ ضبطِ غم کی ستم رانیاں معاذاللہ

لبوں پر مہرِ نظر، صرفِ جستجو پیہم

جگر درد کی انگڑایاں معاذاللہ

یہ شامِ ہجر، یہ ویرانیٔ شبِ دیجور

یہ سائیں سائیں یہ تنہائیاں معاذاللہ

یہ سرد سرد سی آنکھوں میں گرم گرم سرشک

متاعِ درد کی چنگاریاں معاذاللہ

یہ پھولے پھولے پپوٹوں میں اچٹی اچٹی سی نیند

گلابی ڈوروں میں یہ لالیاں معاذاللہ

کسی فریبِ تمنا میں بہکی بہکی نگاہ

کسی خیال کی پرچھائیاں معاذاللہ

حجابِ ساز پہ اندازِ سوز، ارے توبہ

وجودِ شوق کی ناکامیاں معاذاللہ

نگاہِ محوِ تماشہ، خرد خرابِ جنوں

تخیلات کی مجبوریاں معاذاللہ

کہاں کہاں لیۓ پھرتی ہے آرزو صہبا

متاعِ زیست کی نادانیاں معاذاللہ


صہبا لکھنوی

No comments:

Post a Comment