Saturday, 11 November 2023

مرے لب پہ صل علیٰ رہے مرے دل میں عشق رسول ہو

عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


 مِرے لب پہ صل علیٰ رہے مرے دل میں عشقِ رسول ہو

یہی ہو وظیفۂ روز و شب یہی زندگی کا اصول ہو

میں پڑھوں درود و سلام اور پھر اٹھاؤں ہاتھ دعا کو جب

ملے نام ان کا دعاؤں میں تو مِری دعا بھی قبول ہو

کبھی حاضری کا جو اذن ہو مجھے ان کے روضۂ پاک پر

جو وہاں ہو پیشِ نظر مِرے وہ بس اک نظر کا حصول ہو

میں گدائے رحمتِ دو جہاں میں غبارِ راہِ حضورؐ ہوں

وہ جو ملتفت ہوں مِری طرف مِرا دل کبھی نہ ملول ہو

مِرے رب مِری ہے یہ التجا درِ مصطفیٰؐ سے جڑا رہوں

مِری ذات میرے عیال پر تِری رحمتوں کا نزول ہو


سعید سعدی

No comments:

Post a Comment