Sunday, 11 February 2024

شعور فطرت‌ انساں کا ہے بیدار ہو جانا

 شعور فطرت‌ انساں کا ہے بیدار ہو جانا

کہیں مجبور بن جانا کہیں مختار ہو جانا

دکھا کر اک جھلک اس کا پس دیوار ہو جانا

یہی تو عاشقوں کے حق میں ہے تلوار ہو جانا

مرے سوئے ہوئے جذبات کا بیدار ہو جانا

کسی بے ہوش کا ہے خود بخود ہشیار ہو جانا

کروں میں خون کا دعویٰ تو پیش داور محشر

قیامت ہے مگر قاتل سے آنکھیں چار ہو جانا

شکست بے ستوں و موج جوئے شیر شاہد ہیں

نہیں آسان راہ عشق کا ہموار ہو جانا

بقول میر یہ انسان پر تہمت تراشی ہے

کسی مجبور کا ممکن نہیں مختار ہو جانا

یوں ہی یاد خدا آ جاتی ہے مجھ کو کبھی شعلہ

کہ جیسے سوتے سوتے خواب سے بیدار ہو جانا


شعلہ کراروی

سید مومن حسین 

No comments:

Post a Comment