عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
مجھ کو تو اپنی جاں سے بھی پیارا ہے ان کا نام
شب ہے اگر حیات ، ستارا ہے ان کا نام
تنہائی کس طرح مجھے محصور کر سکے
جب میرے دل میں انجمن آرا ہے ان کا نام
ہر شخص کے دکھوں کا مداوا ہے ان کی ذات
سب پا شکستگاں کا سہارا ہے ان کا نام
بے یاروں ، بے کسوں کا اثاثہ ہے ان کی یاد
بے چارگانِ دہر کا چارا ہے ان کا نام
لب وا رہیں تو اسمِ محمدﷺ ادا نہ ہو
اظہارِ مدعا کا اشارہ ہے ان کا نام
لفظ محمدﷺ اصل میں ہے نطق کا جمال
لحنِ خدا نے خود ہی سنوارا ہے ان کا نام
قرآن پاک ان پہ اتارا گیا ندیم
اور میں نے اپنے دل پہ اتارا ہے ان کا نام
احمد ندیم قاسمی
No comments:
Post a Comment