Saturday, 8 October 2016

دھیان میں گم اے شہنشاہ اسوۂ حسنہ

 منظوم ہدیۂ نعت

دھیان میں گم

اے شہنشاہِ اسوۂ حسنہؐ
آپ کا بندہ ستیہ پال آنند
غیر مسلم ضرور ہے لیکن
یہ اجازت تو دیں مجھے سرکارؐ
دھیان میں گم زمیں کو بوسہ دوں
اور باقی کی عمر اے آقاؐ
یوں ہی ٹھہرا رہوں جھکائے ہوئے

درِ شاہِ اممؐ پہ سر اپنا
دھیان میں گم رہوں تو میں شاید
دیکھ پاؤں حضور کا جلوہ
چہرۂ پاک کی ضیا پاشی
کالی کملی سے نور چھنتا ہوا
دھیان میں گم رہوں تو سن پاؤں
آپ سے میں پیامِ حق کے راز
جاوِداں زندگی کی تعبیریں
لفظ وحدت کے معنی و تفسیر
تھوڑی سی عمر رہ گئی ہے حضورؐ
ارضِ طیبہ پہ میں تنِ تنہا
منتظر آپ کی شفاعت کا
کلمہ خواں اپنا سر جھکائے ہوئے
اور دستِ طلب بڑھائے ہوئے
دھیان میں گم کھڑا ہوا ہوں حضورؐ
ہندوام، کافرم، گنہ گارم

ستیہ پال آنند

No comments:

Post a Comment