Friday, 16 December 2016

ہو کر خود اس کے نور کا ناظر درود پڑھ

عارفانہ کلام درود بر ہادئ رحمتﷺ

ہو کر خود اس کے نور کا ناظِر درود پڑھ
ہو کر درِ رسولﷺ پہ حاضر، درود پڑھ
رہ معتکف درود کے ماحولِ قُدس میں 
کر اپنے قلب و روح کو طاہر، درود پڑھ
برکت نصیب و خیر فزا ہو تِرا کلام
نعتِ رسولِ پاکﷺ کے شاعر درود پڑھ
دائم نبیﷺ کے ہالۂ حفظ و اماں میں رہ
پیہم سکونِ قلب کی خاطر، درود پڑھ
دنیا و قبر و حشر کی ہر راہِ سخت میں 
ہو گا ترا یہ حامی و ناصر، درود پڑھ 
صلِ علیٰ کے وِرد میں گزرے ہر ایک سانس
کر دل کو اس کے نام کا ذاکر، درود پڑھ
ہشیار باش! سیدِ اذکار ہے یہ ذکر
کر پہلے آنسوؤں سے وضو، پھر درود پڑھ
نور مشاہدات کی موجوں میں غرق رہ
اور دیکھ ماورأ کے مناظر، درود پڑھ
اپنی ہر التجا کو درودں کے پر لگا
ہر اک دعا کے اول و آخر درود پڑھ
بھر نور، اپنے نامۂ اعمال میں ریاضؔ
کر جمع نیکیوں کے ذخائر، درود پڑھ

ریاض مجید

No comments:

Post a Comment