Monday, 5 October 2020

چوگا چنتی چڑیا کے دکھ

 چوگا چنتی چڑیا کے دکھ


چوگا چنتی چڑیا تیری پلکوں پر اگنے والے

خوابوں کے انکھوئے

کون چن سکتا ہے

تُو تو یہ بھی نہیں جانتی

جانے کب کوئی میلی نظروں کا جال تجھ پر پھینکے

اور تُو بے نور آنکھوں کے پنجرے میں قید ہو کر

تمام عمر کے لیے

چہکنا بھول جائے

چڑیا تُو تو پگلی ہے

چوگا چنتی خواب دیکھتی ہے

تجھے کیا معلوم ہے

کبھی کبھی خوابوں کی مانگ بھرنے کے لیے

آنکھوں کی ویران کھڑکیوں سے

ٹھٹھرے ہوئے رت جگے

بوند بوند دل کی زمین پر ٹپکتے ہیں تو

وہاں دور دور تک اداسی بھرا جنگل

اگ آتا ہے

جس پر سوائے دکھ درد کے کوئی پھل نہیں لگتا

مگر بھولی چڑیا

تُو یہ سب نہیں جانتی

شاید کبھی جان بھی نہیں سکتی


نجمہ منصور

No comments:

Post a Comment