جسے کائناتی جریدے میں لکھا گیا مسئلہ ہے
تو کیا اب خدا کو بتانا پڑے گا، وہ کیا مسئلہ ہے
اداسی فقط مشرقی لڑکیوں کے لیے ہی نہیں ہے
بتاتے ہیں مغرب میں بھی ان دنوں یہ بڑا مسئلہ ہے
وگرنہ میں رونے کی اچھی طرح سے اداکاری کرتا
مجھے کیا خبر تھی؟ مِرا مسکرانا تِرا مسئلہ ہے
ہمیں تو سبھی عشق اچھے لگے ہیں سو کرتے رہے ہیں
کسی کے لیے دوسرا عشق بھی دوسرا مسئلہ ہے
یہاں منظروں کی کمی ہے نہ آنکھوں کی تعداد کم ہے
یہاں دور بینوں کے ہوتے ہوئے دیکھنا مسئلہ ہے
کوئی روٹھ جائے تو میں بھی اسے اب مناتا نہیں ہوں
کہ یہ مسئلہ تو محبت میں ہر ایک کا مسئلہ ہے
جنہوں نے روایت کو پکڑا ہوا ہے گلے سے ابھی تک
مِرا تو یہی ماننا ہے؛ انہیں سانس کا مسئلہ ہے
عباس مرزا
No comments:
Post a Comment