Tuesday, 5 April 2022

جھوٹ کے ہاتھ بہت لمبے ہیں

 نئی کہانی 


یہ ہی بچپن سے مِری ماں مجھے سمجھاتی تھیں

جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ہیں

روز سکول میں خوشخط یہی استانی بھی لکھواتی تھیں

جیت سچ کی ہی ہوا کرتی ہے

دادا ابا کے سنائے ہوئے ہر قصے میں

سرخرو سچ ہی ہوا کرتا تھا

نانی اماں سے کہانی جو سنا کرتے تھے ہم رات گئے

نیند میں ڈوبی سماعت میں اتر آتا تھا

ہر کہانی کا وہی ایک سا انجام ہوا کرتا تھا

اور سچ جیت گیا

کتنے نادان تھے بھولے تھے وہ لوگ

کون سی دنیا میں گُم رہتے تھے

اپنی نادانی سے ہم بچوں کو گمراہ کیا کرتے تھے

میں نے سوچا ہے کہ بچوں کے لیے ایک کہانی لکھوں

میں لکھوں گی مِرے پیارے بچو

جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے ہیں

اس کو چلنے کی ضرورت ہی نہیں

جھوٹ کے ہاتھ بہت لمبے ہیں


عذرا نقوی

No comments:

Post a Comment