Sunday, 21 August 2022

نبی کا جشن مناتے ہیں جو عقیدت سے

عارفانہ کلام نعتیہ کلام


نبیؐ کا جشن مناتے ہیں جو عقیدت سے 

خزانہ ملتا ہے ان کو خدا کی رحمت سے 

جنہیں عزیز ہے میلادِ مصطفیٰؐ کی خوشی 

انہی کے کام تو بن جاتے ہیں سہولت سے 

درود و نعت وظیفہ ہے روز و شب جن کا 

نوازتا ہے خدا ان کو خوب برکت سے 

عیاں ہے بالیقیں فرمانِ کبریا سے یہی 

خدا کی ہو گی اطاعت نبیؐ کی طاعت سے 

ذلیل و خوار ہوئے جا رہے ہیں دنیا میں 

کہ جب سے دور ہوئے ہیں نبیؐ کی سنت سے 

نبیﷺ کے نام کا میں نے خیال ہی باندھا 

رہائی مل گئی فوراً تمام کلفت سے 

بِلا طلب ہی دیا شاہِ دیںؐ نے منگتوں کو 

گدا بھی داتا بنے آپؐ کی سخاوت سے 

ملی نجات کی کشتی بھی اور تارے بھی 

لگائی لَو جو صحابہ سے اور عترت سے 

سند ملے گی انہیں روزِ حشر بخشش کی 

شغف ہے جن کو مشاہد نبیؐ کی مدحت سے


مشاہد رضوی

No comments:

Post a Comment