Monday, 16 November 2015

دور دور مجھ سے وہ اس طرح خراماں ہے

دُور دُور مجھ سے وہ اس طرح خراماں ہے
ہر قدم ہے نقشِ دل، ہر نگہ رگِ جاں ہے
بن گئی ہے مستی میں دل کی بات ہنگامہ
قطرہ تھی جو ساغر میں لب تک آ کے طوفاں ہے
ہم تو پائے جاناں پر کر بھی آئے اِک سجدہ
سوچتی رہی دنیا کفر ہے کہ ایماں ہے
میرے شکوۂ غم سے عالمِ ندامت میں
اس لبِ تبسم پر شمع سی فروزاں ہے
یہ نیازِ غمخواری، یہ شکستِ دلداری
بس نوازشِ جاناں! دل بہت پریشاں ہے
منتظر ہیں پھر میرے حادثے زمانے کے
پھر مِرا جنوں تِری بزم میں غزلخواں ہے
فکر کیا انہیں جب تُو ساتھ ہے اسیروں کے
اے غم اسیری! تُو خود شکستِ زنداں ہے
اپنی اپنی ہمت ہے، اپنا اپنا دل مجروحؔ
زندگی بھی ارزاں ہے، موت بھی فراواں ہے

مجروح سلطانپوری

No comments:

Post a Comment