اب جو آئی ہے تو ویسے نہیں جانے والی
تیز بارش میں ہوا شور مچانے والی
وہ جو روٹھا ہے تو افسوس مجھے ہے لیکن
بات کوئی بھی نہ تھی روٹھ کے جانے والی
ایک صورت نے پریشان کیۓ رکھا ہے
ایک صورت ہے میری نیند اڑانے والی
ہم مزاجی کا یہ عالم ہے کہ اک دوجے سے
بات کرتے ہی نہیں بات بڑھانے والی
ساری دنیا سے الگ اس کی طبیعت انجم
کوئی عادت ہی نہیں اس میں زمانے والی
غنی الرحمٰن انجم
No comments:
Post a Comment