Saturday, 12 February 2022

پیار سارا دکھا نہیں دیں گے

 پیار سارا دکھا نہیں دیں گے

ہم تمہیں آسرا نہیں دیں گے

تم ہمیں پیارے ہو سو ہم تم کو

جینے کی بد دعا نہیں دیں گے

ہم سے جاں مانگی اس فرشتے نے

اور ہم نے کہا نہیں دیں گے

اس کو جاں دے کے اس سے دل چاہا

اور صنم نے کہا نہیں دیں گے

آسمانی ہیں، ہم کو چھیڑو گے

کیا زمیں کو ہلا نہیں دیں گے

ہم سخی ہیں، رضائے رب مانگو

کیا سمجھتے ہو، کیا نہیں دیں گے

ہم پیمبر کی آل میں سے ہیں

کیسے بوئے خدا نہیں دیں گے

بندے تیرے ہیں اور تو یار اپنا

یار کو ہم دغا نہیں دیں گے

آسماں ٹوٹے میرے دشمن پر

ہم زمینی سزا نہیں دیں گے

ہم بھی حضرت حجاز ہیں، مالک

جان ہم بے بہا نہیں دیں گے


حجاز مہدی

مہدی نقوی حجاز

No comments:

Post a Comment