Wednesday 5 June 2024

آنکھیں نظر ملاتی ہیں کوثر کے جام سے

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


بھیگی ہیں جب سے اشکِ عزائے امام سے

آنکھیں نظر ملاتی ہیں کوثر کے جام سے

پھیلی ہیں دشتِ شب میں بڑے اہتمام سے

صبحیں نہ قید ہو سکیں زندانِ شام سے

وہ بھی کلامِ پاک کا جزدان ہو گیا

ٹکڑا جو بچ گیا تھا قبائے امام سے

ہونٹوں کی پیاس آنکھوں کو دریا بنا گئی

چشمے ابل رہے ہیں عطش کے نظام سے

کس کا لہو ہے جس سے نمازیں ہیں سرخ رُو

پوچھے کوئی رکوع و سجود و قیام سے

اکبر کے منہ کو چوم کے کہتی تھی مامتا

ملتا ہے میرا چاند رسولِ انامﷺ سے

مقتل میں آ رہی ہے جوانی رسول کی

اے زندگی! بلند ہو تو اپنے مقام سے

جھولے کے گرد آ گئیں پھولوں کو چھوڑ کر

واقف ہیں تتلیاں علی اصغرؑ کے نام سے

جس کو اسیر کر کے چلا ہے امیرِ شام

بیڑی نے ہار مان لی اس کی خرام سے

قرآن ہے وہاں تو یہاں سجدۂ حسینؑ

ماہِ عزا بھی کم نہیں ماہِ صیام سے

عباسؑ قافیہ ہیں تو زینبؑ ردیف ہیں

اک شعر لکھ رہا ہوں بڑے التزام سے

زین العباؑ کو دیکھ کے تاریخ نے کہا

قرآن بچ کے آ گیا جلتے خیام سے

بیٹھا تو فرشِ غم پہ، چلا تو علم کے ساتھ

میرا سفر بھی ملتا ہے میرے قیام سے

آنکھوں نے بھی کیا ہے چراغاں پئے عزا

دل بھی دھڑک رہا ہے بڑی دھوم دھام سے

نیر سلام ہے کوئی صنفِ غزل نہیں

لفظوں سے کہہ دو آئیں مگر احترام سے


عباس رضا نیر

No comments:

Post a Comment