عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
میری سوئی ہوئی تقدیر جگا دے اللہ
روضۂ سیدِ ابرارﷺ دکھا دے اللہ
آرزو ہے تِرے محبوبؐ کی میں نعتیں لکھوں
مجھ کو تُو شاعرِ سرکارﷺ بنا دے اللہ
تیرے کعبے کے لیے جن کے ارادے ہیں غلط
ان کے منصوبوں کو مٹی میں ملا دے اللہ
ساری دنیا تِرے توحید کا کلمہ پڑھ لے
دین داری کی ہوا ایسی چلا دے اللہ
سر اٹھائے نہ کوئی تیرے شریعت کے خلاف
جو بھی باغی ہیں تِرے ان کو سزا دے اللہ
مجھ کو ہو سنتوں قرآں کا لحاظِ خاطر
اس طرح دین کا پابند بنا دے اللہ
حق پرستوں کو زمانے نے ستا رکھا ہے
اپنی تو شان کرم اب تو دکھا دے اللہ
ہر عمل ہو مِرا اصحابِ پیمبرؐ جیسا
مِرے کردار کو آئینہ بنا دے اللہ
تیرا بندہ ہوں عطاؤں کا طلبگار ہوں میں
اک نظر مجھ پہ عنایت کی اٹھا دے اللہ
اپنے دلشاد کو ہر ایک برائی سے بچا
سلسلہ اس کا بھی اچھوں سے ملا دے اللہ
دلشاد گورکھپوری
No comments:
Post a Comment