Thursday 6 February 2020

نہ کوئی رابطہ میسج نہ کال خیر تو ہے

نہ کوئی رابطہ، میسج نہ کال، خیر تو ہے 
کہاں پہ گم ہو مِرے خوش جمال خیر تو ہے 
ابھی تو عمر نہيں ہے تمہارے جھڑنے کی 
ابھی سے ڈھلنے لگے خد  و خال، خیر تو ہے 
مِری تو خیر ہے، تم کیوں اٹھائے پھرتے ہو 
کسی کا ہجر، کسی کا وصال، خیر تو ہے 
ہمیں تو اک بھی میسر نہيں تھا صحرا میں 
تمہارے شہر میں اتنے غزال، خیر تو ہے 
اور اتنی دیر میں آنکھیں چھلک پڑیں اس کی 
میں پوچھنے ہی لگا تھا سوال، خیر تو ہے 
تُو بات بات پہ کہتا تھا، تیری خیر نہيں 
کہاں گیا تِرا جاہ و جلال، خیر تو ہے 
فقیر موج میں آئے نہيں کئی دن سے 
نہ کوئی رقص نہ کوئی دھمال، خیر تو ہے 
ہمارے ہوتے ہوئے اس پہ ان دنوں عامی 
یہ کون پھینکتا پھرتا ہے جال، خیر تو ہے

 عمران عامی

No comments:

Post a Comment