آنکھوں آنکھوں میں اشارات الف سے ی تک
سہمے سہمے سے ہیں جذبات الف سے ی تک
شب کے سینے میں لرزتی ہیں کراہیں پل پل
دن کے ہونٹوں پہ ہیں نغمات الف سے ی تک
آہٹیں، دھڑکنیں، بے چینیاں، آنکھیں، نیندیں
کیسے گزری ہے مِری رات الف سے ی تک
آج سورج کے دریچوں سے نکل آئے گا چاند
ہے عجب حسنِ ملاقات الف سے ی تک
نام، تعلیم، پتہ،عمر، مشاغل، پیشہ
کیسے کیسے تھے سوالات الف سے ی تک
اجنبی لفظ، تھکا لہجہ، شکستہ مفہوم
کون سمجھے گا مِری بات الف سے ی تک
جاوید اکرم
No comments:
Post a Comment