دیوار کیا ہے؟ دھوپ سے جھڑتا عذاب ہے
اور سقف کیا ہے؟ ابر کا خانہ خراب ہے
دہلیز کیا ہے؟ ٹوٹتے وعدوں کا اک طلسم
اور شام کیا ہے؟ موت کا پہلا جواب ہے
تقدیر کیا ہے؟ مانتے رہنے کا اک مرض
اور صبر کیا ہے؟ اینٹھتے کندھوں کی تاب ہے
اقرار کیا ہے؟ سبز توقع کا منطقہ
اور قُرب کیا ہے؟ حبس کھرچتا چناب ہے
زنجیر کیا ہے؟ ذہن کی آسودگی سمجھ
اور زخم کیا ہے؟ جسم کی کچی شراب ہے
مرجان کیا ہے؟ پانیوں کی جڑ میں ایک چھید
اور چھید کیا ہے؟ حسن بھرا ماہتاب ہے
کہسار کیا ہے؟ گھومتی مٹی کا ارتکاز
اور سیدھ کیا ہے؟ سرد ہوا کا نصاب ہے
علی زیرک
No comments:
Post a Comment