Wednesday, 20 October 2021

طوفان سے منجھدار سے ہٹ کر نہیں دیکھا

 طوفان سے منجھدار سے ہٹ کر نہیں دیکھا

دیکھا بھی تو ساحل سے لپٹ کر نہیں دیکھا

پتھر بھی تھے کانٹے بھی بہت راہِ طلب میں

پھر بھی کبھی اس راہ سے کٹ کر نہیں دیکھا

کشکولِ محبت میں خزانے تھے وفا کے

تُو نے کبھی دامن سے لپٹ کر نہیں دیکھا

معیار تمنا! تِرا پندار تکبّر

ہم نے بھی تو معیار سے ہٹ کر نہیں دیکھا

پانی پہ جو قبضہ کِیا افواجِ سِتم نے

پیاسوں نے بھی دریا کو پلٹ کر نہیں دیکھا

ہر کوچہ و بازار نے دیں لاکھ صدائیں

لیکن تِرے شیدا نے پلٹ کر نہیں دیکھا

وُسعت رہی نظروں میں رکھا دل بھی کُشادہ

عاشور نے دنیا کو سِمٹ کر نہیں دیکھا


عاشور کاظمی

No comments:

Post a Comment