Monday, 13 September 2021

آج کل نفع کے نقصان کی ایسی تیسی

 نمکینیات

آج کل نفع کے نقصان کی ایسی تیسی

آپ کے مان کی سمان کی ایسی تیسی

کوئی بھی کام ہو رشوت کے بنا ناممکن

آپ کی جان کی پہچان کی ایسی تیسی

ایک بیٹی کے سوا کچھ نہ دیا سُسرے نے

یہ ہے سامان تو سامان کی ایسی تیسی

گامزن ہم ہیں کرپشن میں ترقی کی طرف

چین کی، روس کی، جاپان کی ایسی تیسی

پندرہ سو کی جگہ دو سو روپے پکڑا دو

پھر جو کٹ جائے تو چالان کی ایسی تیسی

گڑبڑا دے جو مہینے کا بجٹ دو دن میں

ایسے آ جائے تو مہمان کی ایسی تیسی

اپنے لیڈر جو اتر آئیں اداکاری پر

شاہ رخ خان کی سلمان کی ایسی تیسی

شعر بے بحر پڑھو شاعرِ اعظم بن جاؤ

سارے اوزان کی ارکان کی ایسی تیسی

چند سکوں کے عوض بیچ دیا جس نے وطن

ایسے ہندو کی، مسلمان کی ایسی تیسی

جو بھی نشتر تِری اس نظم میں ڈھونڈے کیڑے

ایسے ہر صاحبِ دیوان کی ایسی تیسی


نشتر امروہوی

نشتر امروہی

No comments:

Post a Comment