Friday, 17 September 2021

کوئی نہیں جانتا کہ سانولی کون ہے

 سانولی


سانولی کون ہے

کوئی نہیں جانتا کہ سانولی کون ہے

مگر شاعری کے دربار میں

سانولی کے بوسے کی بڑی اہمیت ہے

اور استعاروں اور کنایوں کے محلے میں

سب سے مقبول کوٹھی بھی سانولی ہی کی ہے

جس کے باہر ایک دھوپ گلی ہے

جہاں ہر روز 

ایک نئے سویرے کا خواب دیکھنے کے عوض 

سانولی چاندی کا کشکول لیے اپنی رات بیچتی ہے

روز کا مال روز ہی بِک جاتا ہے

مگر دھوپ گلی میں 

کبھی کسی نے سورج چڑھتے نہیں دیکھا

کہ سارا دن تو 

سورج چڑھنے کا خواب دیکھنے میں گزر جاتا ہے

اور شام ڈھلتے ہی 

ایک اور رات بکنے کے لیے تیار کھڑی ہوتی ہے

سانولی اس کاروبار میں کیسے پڑی

کوئی نہیں جانتا

سانولی ہے کون یہ بھی کوئی نہیں جانتا

مگر شاعری کے دربار میں 

سانولی کے بوسے کی بڑی اہمیت ہے

اور استعاروں، کنایوں کے محلے میں 

سب سے مقبول کوٹھی بھی اسی کی ہے


کومل راجہ

No comments:

Post a Comment