Monday, 3 July 2023

نہ جانے کون سا جلوہ دکھا دیا آقا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


نہ جانے کون سا جلوہ دکھا دیا آقاﷺ

کہ ربِ کعبہ کو عاشق بنا دیا آقاﷺ

فضائےعرشِ معلّیٰ پہ گفتگو رب سے

محال بات کو ممکن بنا دیا آقاﷺ

بھٹک رہی تھی یہ انسانیت زمانے میں

رہِ نجات پہ آخر لگا دیا آقاﷺ

نہ ساتھ جا سکے معراج پر فرشتے بھی

غرور سارا فرشتوں کا ڈھا دیا آقاﷺ

خدا سے ہو گیا بندوں کا رابطہ قائم

ازل کے بچھڑے ہوؤں کو ملا دیا آقاﷺ

بشر کو اس کی حقیقت کی آگہی بخشی

دل و دماغ سے پردہ اٹھا دیا آقاﷺ

سحر کے دل میں بھی احساس کی تڑپ جاگی

دلوں کی آگ سے کندن بنا دیا آقاﷺ


تابندہ سحر عابدی

No comments:

Post a Comment