Monday, 2 October 2023

رائیگاں سب کچھ ہوا کیسی بصیرت کیا ہنر

 رائیگاں سب کچھ ہوا کیسی بصیرت کیا ہُنر

گرد گرد اپنی بصیرت خاک خاک اپنا ہنر

جس طرف دیکھو ہجومِ چہرۂ بے چہرگاں

کس گھنے جنگل میں یارو گُم ہوا سب کا ہنر

اب ہماری مُٹھیوں میں ایک جُگنو بھی نہیں

چھین کر بے رحم موسم لے گیا سارا ہنر

توڑ کر اس کو بھی اب کوئی ہوا لے جائے گی

یہ جو برگِ سبز کی مانند ہے میرا ہنر

اب کہاں دل کے لہو میں بھیگی بھیگی آگہی

جیب میں ہم بھی لیے پھرتے ہیں مانگے کا ہنر

دیکھنا ہیں کھیلنے والوں کی چابک دستیاں

تاش کا پتا سہی میرا ہنر تیرا ہنر

گرمئ پہلو یہی تشکیک و لا علمی کی آنچ

ذوقِ گمشدگی سے ہم ہیں با خبر یا با ہنر

بس یہی خاکسترِ جاں ہے یہاں اپنی شناخت

ہو گیا سارا بدن جب راکھ تو چمکا ہنر

شخصیت کا یہ توازن تیرا حصہ ہے فضا

جتنی سادہ ہے طبیعت اتنا ہی تیکھا ہنر


فضا ابن فیضی

No comments:

Post a Comment