Tuesday, 16 January 2024

لائق حمد و ثنائے بیکراں رب جلیل

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


لائقِ حمد و ثنائے بے کراں ربِ جلیل

بے نظیر و بے مثال و بے شریک و بے عدیل

کون ہے اس کے سوا فرماں روائے کائنات

قادرِ مُطلق وہی، حاکم وہی بے قال و قیل

اس نے موسیٰؑ کو کلیم اللہ کا بخشا خطاب

اور ابراہیمؑ کو اپنا بنایا ہے خلیل

ایک لفظ کُن سے عالم اس نے پیدا کر دیا

ساری دُنیا قُدرتِ حق کی ہے ایک روشن دلیل

وہ جسے چاہے نوازے کون روکے ہے اسے

اور پھر چاہے جسے کر دے اسے خوار و ذلیل

کوئی سُنتا ہی نہیں ہے، رہ پہ چلتا بھی نہیں

جب کہ پیہم گُونجتی ہے دیر سے بانگِ رحیل

ساز و سامانِ نشاطِ رُوح ہے وِردِ درودؐ

نغمۂ صلِ علیٰ حماد ہے ذِکرِ جمیل


ابوالبیان حماد عمری

عبدالرحمان خان

No comments:

Post a Comment