Saturday, 25 July 2020

دل تباہ کو جب لطف غم پہنچتا ہے

دلِ تباہ کو جب لطفِ غم پہنچتا ہے
تو کچھ سرورِ محبت بہم پہنچتا ہے
ہے اس مقام پہ اب عظمتِ ہوس کا گزر
جہاں خلوص بھی پہنچے تو کم پہنچتا ہے
وہ راہ جس کو رہِ مستقیم کہتے ہیں
وہاں فقط تیری زلفوں کا خم پہنچتا ہے
ورائے سرحدِ ادراک کیا مجالِ خِرد؟
وہاں تو صرف جنوں کا قدم پہنچتا ہے
دلِ زلیخا بھی چاکِ قبائے یوسف بھی
کہاں کہاں تیرا دستِ کرم پہنچتا ہے
جنابِ داورِ محشر! حساب جاری ہو
عدم کی فکر نہ کیجیے عدم پہنچتا ہے

عبدالحمید عدم

No comments:

Post a Comment