Saturday, 21 August 2021

بڑا اندھیر ہے ظلمات کے علاوہ بھی

 بڑا اندھیر ہے ظلمات کے علاوہ بھی

حصارِ تیرگی ہے رات کے علاوہ بھی

کشاں کشاں لیے چلتی ہے کوئی مجبوری

ستم ظریفئ حالات کے علاوہ بھی

تو جیت جاتا کوئی اور چال چل کر بھی

میں ہار جاتا کسی مات کے علاوہ بھی

کہاں کہاں نہیں ملتے ہیں راہ گم کردہ

حرم کے اور خرابات کے علاوہ بھی

نصیبِ دل ہیں یہ تکمیلِ خواب کے کچھ زخم

شکستِ خواب کے صدمات کے علاوہ بھی

بہت ہے اُنسِ رفیقاں کی نا فراوانی

تمہارے درد کی بہتات کے علاوہ بھی

کمال اور بہت کر گیا ہے ساحر چشم

ان آشکار کرامات کے علاوہ بھی


بشارت گیلانی

No comments:

Post a Comment