Thursday, 19 August 2021

نہ پوچھ میرا حسین کیا ہے

عارفانہ کلام منقبت سلام

 نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے؟


جہانِ عزمِ وفا کا پیکر

خرد کا مرکز، جنوں کا محور

جمالِ زہراؑ، جلالِ حیدرؑ

ضمیرِ انساں، نصیرِ داور

زمیں کا دل، آسماں کا یاور

دیارِ صبر و رضا کا دلبر

کمالِ ایثار کا پیمبر

شعورِ امن و سکوں کا پیکر

جبینِ انسانیت کا جھُومر

عرب کا سہرا، عجم کا زیور

حسینؑ تصویرِ انبیاء ہے

نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے

حسینؑ اہلِ وفا کی بستی

حسینؑ آئینِ حق پرستی

حسینؑ صِدق و صفا کا ساقی

حسینؑ چشمِ انا کی مستی

حسینؑ پیش از عدم، تصور

حسینؑ بعد از قیامِ ہستی

حسینؑ نے زندگی بکھیری

فضا سے ورنہ قضا برستی

عروجِ ہفت آسمانِ عظمت

حسینؑ کے نقشِ پا کی مستی

حسینؑ کو خُلد میں نہ ڈھونڈو

حسینؑ مہنگا ہے خلد سستی

حسینؑ مقسومِ دین و ایماں

حسینؑ مفہوم ہَل اَتٰی ہے

نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے

حسینؑ نکھرا ہوا قلندر

حسینؑ بپھرا ہوا سمندر

حسینؑ بستے دلوں سے آگے

حسینؑ اُجڑے دلوں کے اندر

حسینؑ سلطانِ دین و ایماں

حسینؑ افکار کا سکندر

حسینؑ سے آدمی کا رتبہ

حسینؑ ہے آدمی کا مَن دَر

خدا کی بخشش ہی خیمہ زن ہے

حسینؑ کی سلطنت کے اندر

حسینؑ داتا، حسین راجہ

حسینؑ بھگوان، حسین سُندر

حسینؑ آکاش کا رشی ہے

حسینؑ دھرتی کی آتما ہے

نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے

حسینؑ، میدان کا سپاہی

حسینؑ دشتِ انا کا راہی

حسینؑ فرقِ اجل کا بَل ہے

حسینؑ انداز، کجکلاہی

حسینؑ کی گردِ پا، زمانہ

حسینؑ کی ٹھوکروں میں‌ شاہی

حسینؑ معراجِ فقرِ عالم

حسینؑ، رمزِ جہاں پناہی

حسینؑ ایقان کا مِنارہ

حسینؑ اوہام کی تباہی

ضمیر انصاف کی لغت میں

حسینؑ معیارِ بےگناہی

بنامِ جبر و غرورِ شاہی

حسینؑ غیرت کا فیصلہ

نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے

حسینؑ فقر و انا کا غازی

حسینؑ جنگاہ میں‌ نمازی

حسینؑ حسنِ نیاز مندی

حسینؑ اعجازِ بے نیازی

حسینؑ آغازِ جاں نثاری

حسینؑ انجامِ جاں گدازی

حسینؑ توقیر کار بندی

حسینؑ تعبیر کار سازی

حسینؑ معجز نمائے دوراں

حسینؑ حق کی فسوں طرازی

حسینؑ ہارا تو یوں کہ جیسے

حسینؑ نے جیت لی ہو بازی

حسینؑ سارے جہاں کا وارث

حسینؑ کہنے کو بے نوا ہے

نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے

حسینؑ اک دلنشیں کہانی

حسینؑ دستورِ حق کا بانی

حسینؑ عباسؑ کا سراپا

حسینؑ اکبرؑ کی نوجوانی

حسینؑ کردارِ اہلِ ایماں

حسینؑ معیارِ زندگانی

حسینؑ قاسمؑ کی کم نمائی

حسینؑ اصغرؑ کی بے زبانی

حسینؑ سجادؑ کی خموشی

حسینؑ باقرؑ کی نوحہ خوانی

حسینؑ دجلہ کا خشک ساحل

حسینؑ صحرا کی بیکرانی

حسینؑ زینبؑ کی کسمپرسی

حسینؑ کلثومؑ کی ردا ہے

نہ پوچھ میرا حسینؑ کیا ہے


محسن نقوی

No comments:

Post a Comment