Saturday, 18 September 2021

امیر شہر سے جب اختلاف کرتا ہوں

 امیرِ شہر سے جب اختلاف کرتا ہوں

تو سارے شہر کو اپنے خلاف کرتا ہوں

تِرے ضمیر سے تجھ کو سزا ملے تو ملے

تِرے گناہ میں دل سے معاف کرتا ہوں

میں اپنی سوچ کا احرام باندھ کر اکثر

کسی کے نقشِ قدم کا طواف کرتا ہوں

میں اپنے قاری کو مشکل میں ڈالتا ہی نہیں

جو بات کرتا ہوں میں صاف صاف کرتا ہوں

بس ایک جہدِ مسلسل ہے کائنات اپنی

سو اپنے روح کے اندر شگاف کرتا ہوں

تمہاری ذات کو تسلیم کرنے سے پہلے

میں اپنی ذات سے بھی انحراف کرتا ہوں

پرانے درد مِرے دل میں راز ہوتے ہیں

سو روز خود پہ نیا انکشاف کرتا ہوں

میں چاہتا ہوں مِرے دوست پر نہ حرف آئے

سو اس کے جرم کا میں اعتراف کرتا ہوں

عدید یاد کے آنگن میں بیٹھ کر تنہا

میں رات تا بہ سحر اعتکاف کرتا ہوں


سید عدید

No comments:

Post a Comment