اشک آنکھوں میں پروتا ہوں بہت روتا ہوں
جب اکیلا کہیں ہوتا ہوں بہت روتا ہوں
غور سے دیکھا نہیں تم نے کبھی میری طرف
جب میں ہنستا ہوا ہوتا ہوں بہت روتا ہوں
جب تِرے لمس کی آغوش بھی چھن جاتی ہے
رنج سے آنکھیں بھگوتا ہوں بہت روتا ہوں
رات بس درد شناسی میں گزر جاتی ہے
صبح ہوتی ہے تو سوتا ہوں بہت روتا ہوں
جب میں ہنستا ہوں تو ہنستا ہوں فقط ہنستا ہوں
جب میں روتا ہوں تو روتا ہوں بہت روتا ہوں
امان اللہ جام
No comments:
Post a Comment