وہ ہنر چھوڑ چکا آخری تصویر کے بعد
مجھ سے کچھ بن نہیں پایا تِری تصویر کے بعد
مشترک دوست بھی چُھوٹے ہیں تجھے چھوڑنے پر
مجھ کو دیوار ہٹانی پڑی تصویر کے بعد
اک ملاقات ہوئی وہ بھی بچھڑنے کے لیے
کیمرہ ٹوٹ گیا ایک ہی تصویر کے بعد
یار! تصویر میں تنہا ہوں، مگر لوگ مِلے
کئی تصویر سے پہلے، کئی تصویر کے بعد
میں جو کچھ اور تھا کچھ اور ہی لگنے لگا ہوں
یعنی، تدوین بہت کی گئی تصویر کے بعد
خشک دیوار میں سیلن کا سبب کیا ہو گا؟
اک عدد زنگ لگی کِیل تھی تصویر کے بعد
بھیج دیتا ہوں، مگر پہلے بتا دوں تجھ کو
مجھ سے ملتا نہیں کوئی مِری تصویر کے بعد
دوسرا عشق میسر ہے، مگر کرنا نہیں
کون دیکھے گا پرانی نئی تصویر کے بعد
عمیر نجمی
No comments:
Post a Comment