مجھے نہ مانگتی تو بولتی؛ خُدا دو مجھے
بچا لیا ہے گُنہ سے تمہیں دُعا دو مجھے
مجھے کسی سے محبت نہیں تمہارے سوا
تمہیں کسی سے محبت ہے تو بُھلا دو مجھے
یہ لوگ دیکھ رہے ہیں مِری چمک میں تمہیں
کہیں اکیلے جلانا، ابھی بُجھا دو مجھے
میں تم سے جان چھڑاؤں گا بعد میں، فلحال
تمہارے جیسا کوئی اور ہے تو لا دو مجھے
مجھے کسی سے محبت نہیں ہوئی پہلے
زمین نرم ہے اگ جاؤں گا اُگا دو مجھے
دکھائی دے رہے ہو میری روشنی میں تم
جلانے والوں میں ہو یا نہیں، ہوا دو مجھے
تمہارے ہاتھ میں تو سب ہے رائیگانی بھی
جو دل میں آئے جو اچھا لگے بنا دو مجھے
مجھے اُٹھا نہیں سکتا قسم خُدا کی کوئی
اگر مذاق میں تم ڈانٹ کر بٹھا دو مجھے
مژدم خان
No comments:
Post a Comment