Tuesday, 18 July 2023

اس کرم کا کروں شکر کیسے ادا

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


اس کرم کا کروں شکر کیسے ادا جو کرم مجھ پہ میرے نبیﷺ کر دیا

میں سجاتا تھا سرکارؐ کی محفلیں مجھ کو ہر غم سے رب نے بری کر دیا

ذکر سرکارﷺ کی ہیں بڑی برکتیں، مل گئیں راحتیں، عظمتیں، رفعتیں

میں گنہ گار تھا بے عمل تھا مگر مصطفیٰﷺ نے مجھے جنّتی کر دیا

لمحہ لمحہ ہے مجھ پر نبیؐ کی عطا دوستو اور مانگوں میں مولا سے کیا

کیا یہ کم ہے میرے خدا نے مجھے اپنے محبوبﷺ کا اُمتی کر دیا

جو در مصطفیٰﷺ کے گدا ہو گئے دیکھتے دیکھتے کیا سے کیا ہو گئے

ایسی چشم کرم کی ہے سرکارﷺ نے دونوں عالم میں ان کو غنی کر دیا

جو بھی آیا ہے محفل میں سرکارؐ کی حاضری مل گئی جس کو دربار کی

کوئی صدیقؓ و فاروقؓ و عثماںؓ ہُوا اور کسی کو نبیﷺ نے علیؑ کر دیا

کوئی مایوس لوٹا نہ دربار سے جو بھی مانگا ملا میرے سرکارؐ سے

صدقہ جاؤں نیازی میں لجپال کے، ہر گدا کو سخی نے سخی کر دیا


عبدالستار نیازی

No comments:

Post a Comment