Tuesday, 21 December 2021

اپنی نگاہ کو آزاد کر دو

 جب گیلیلیو نے بتایا تھا

کہ دنیا سورج کے گِرد طواف کرتی ہے

تو راہب اور پروہت اور کاہن

اپنی اپنی زنگ آلود تلواروں کے ساتھ

میدان میں اتر آئے تھے

لیکن پھر سائنس نے بھی ثابت کر دیا

کہ زمین پیہم گردش میں ہے

کسی نامعلوم وقت سے

انتھک، مسلسل

اور کائنات کا پھیلاؤ

ہمارے تخیّل کی پہنچ سے دور ہے

تو یوں کرو کہ اب

عقیدے کی کتاب کو چوم کر

دل کے اس مقام پر رکھ دو

جہاں محبت بسیرا کرتی ہے

یہاں یہ محفوظ رہے گی

اسے نہ تو کسی نظریہ سے خطرہ ہو گا

نہ ہی کسی اور عقیدے کے وار سے

اس کتاب کے ساتھ وہ سارے بوسے

زندہ رہیں گے

جو تم نے

اور تمہارے پُرکھوں نے

اس کی پیشانی پر ثبت کیے

بس اتنا کرو

کہ اپنی نگاہ کو آزاد کر دو

اسے وہ سب کچھ دیکھنے دو

جو تمہارے آس پاس ہے

جو عقیدے کی دیوار کے اس پار

انسانوں نے تمہارے لیے

اور تمہارے بچوں کے لیے

تخلیق کیا ہے

یہ سب جو تم دیکھ رہے ہو

برت رہے ہو

یہ عقیدہ نہیں، علم ہے


کوثر جمال

No comments:

Post a Comment