عارضی پھول سی کاغذی پھول سی
چار دن جی چکے زندگی پھول سی
آپ ہی کی طرح آپ کی دوستی
باطنی خار سی ظاہری پھول سی
پاس بیٹھے رہو مسکراتے رہو
ہم سے کرتے رہو دل لگی پھول سی
احتراماً ملی ہم سے بادِ صبا
تھی ہماری جبیں صندلی پھول سی
تُو امانت مِری تُو سلامت رہے
ہر صبح ہو تِری شبنمی پھول سی
پیش خدمت صنم عاشقانِ سخن
شاعروں کی طرح شاعری پھول سی
صلہ سندھو
No comments:
Post a Comment