عارفانہ کلام منقبت سلام
کیوں پڑھیں ہم نہ درود ایسے گھرانے کے لیے
جس کی خیرات بھی نعمت ہو زمانے کے لیے
بیٹیاں حقِ وِراثت سے نہیں ہیں محروم
زہراؑ آئیں تھیں یہ احساس دلانے کے لیے
آخری حدِ نبوتﷺ سے امامت ہے شروع
دونوں منصب ہیں یہ زہراؑ کے گھرانے کے لیے
جسم میں قلب فقط اس لیے قُدرت نے رکھا
آلِ زہراؑ کی مؤدت کو بسانے کے لیے
یہ تو بس آلِؑ پیمبرﷺ میں نظر آیا ہمیں
پاؤں میدان میں رکھا نہ ہٹانے کے لیے
بزمِ پیغمبرﷺ اسلام میں آتے رہے لوگ
کچھ بٹھانے کےلیے کچھ تھے اٹھانے کےلیے
حشر میں پیاس کا غم ہو گا نہ ہم کو اختر
آبِ کوثر ہے بہت پیاس بُجھانے کے لیے
اختر ہاشمی
No comments:
Post a Comment