Sunday, 9 April 2023

جس کو ہم دل کی خوشی کہتے ہیں وہ غم ہی نہ ہو

 جس کو ہم دل کی خوشی کہتے ہیں وہ غم ہی نہ ہو

آنکھ کی اس خشک مٹی کے تلے نم ہی نہ ہو

کیوں مِری آواز بیٹھی جا رہی ہے عشق میں

تان میں شامل کسی کے ہجر کا سَم ہی نہ ہو

رات کا کیا فائدہ جب رات روشن ہو جناب

بات کا کیا فائدہ جب بات میں دم ہی نہ ہو

بعد پر موقوف ہے سب خوشگماں یوں بھی تو سوچ

یہ کسی دنیائے دیگر کی جہنم ہی نہ ہو

ڈر رہا ہے آگہی کا کرب سہنے سے وجود

عشق جو ادراک میں ہوتا تھا اب ضم ہی نہ ہو

بڑھ نہ جائے آگہی مجھ عقل سے آگے کہیں

میں اسے کم کرنے پر آؤں تو یہ کم ہی نہ ہو

بار ہا پڑھوا رہے ہیں سامعینِ خوش مذاق

غور کر مصرع میں کوئی پہلوئے ذم ہی نہ ہو

سانس کیوں اکھڑے ریاضت کی سُلگتی دھوپ میں

ڈُوبنے والا ہے سورج سایہ کچھ دم ہی نہ ہو

ہاتھ اٹھا کر یوں کہا مجذوب نے جاتے سمے

شعر کہتا جا تِری رفتار مدھم ہی نہ ہو

اتنی آسانی سے تو لگتا نہیں تہہ کا سراغ

خود بخود بہنے لگا ہے پانی زم زم ہی نہ ہو

فرق ہو سکتا ہے کچھ تفہیم کا احساس میں

ہم جسے دوری سمجھتے ہیں یہ سنگم ہی نہ ہو

زیب کیسی نیند چھائی ہے مِرے اعصاب پر

آنکھ کیوں الجھی ہوئی ہے خواب مبہم ہی نہ ہو


زیب اورنگ زیب

No comments:

Post a Comment