Friday 5 April 2024

بغاوت جب میں نے کہا میں تم سے محبت کرتا ہوں

 بغاوت

جب میں نے کہا 

میں تم سے محبت کرتا ہوں 

تو جانتا تھا 

ایک بغاوت کی رہنمائی کر رہا ہوں 

قبیلے کے قانون کے خلاف بغاوت

اپنے خلاف بغاوت 

اپنے خلاف الزامات کی گھنٹیاں بجا رہا ہوں 

دراصل میں اقتدار پر قبضہ کرنا چاہتا تھا 

جنگلوں میں سر سبز پتوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے لیے 

سمندر کے رنگ کو اور زیادہ نیلا کرنے کے لیے 

بچوں کو اور زیادہ معصوم بنانے کے لیے 

وحشت کی اس زندگی کو ختم کرنے کے لیے 

آخری خلیفہ کو قتل کرنا چاہتا تھا 

میرا یہی اردہ تھا

جب میں نے تم سے محبت کی 

میں خواب گاہوں کے دروازے توڑنا چاہتا تھا

بے بس عورتوں کے جسموں کو

مردوں کے زہریلے دانتوں سے بچا سکوں 

اور وہ کھلی فضا میں گھوم سکیں 

جب میں نے کہا 

تم سے محبت کرتا ہوں 

جانتا تھا

ایک نئی ابجد ایجاد کر رہا ہوں 

اس شہر کے لیے جہاں سب لوگ ان پڑھ ہیں 

نظمیں سنا رہا ہوں 

ایک خالی کمرے کو 

اور شراب پیش کر رہا ہوں 

ان کو جو نشے کی لذت سے بے خبر ہیں


شاعر: نزار قبانی

اردو ترجمہ: منو بھائی

No comments:

Post a Comment