Friday 28 May 2021

بھول بھی جائیں تجھے زخم پرانا بھی تو ہو

 بھُول بھی جائیں تجھے زخم پرانا بھی تو ہو 

جی بھی لیں جینے کو جینے کا بہانہ بھی تو ہو 

ہم نے سیکھا ہی نہیں ترکِ مروت کا سبق 

بات بڑھتی ہے، مگر بات بڑھانا بھی تو ہو 

اب کے مقتل کو کسی میلے کی زینت کر دو 

پھر تماشہ جو سجے ساتھ زمانہ بھی تو ہو 

دشت در دشت سہی آبلہ پائی ہی سہی 

اور مسافت ہی سہی کوئی ٹھکانہ بھی تو ہو 

آؤ، یاران جفا! زخم کریدو دل کے 

بزمِ یاراں ہے ذرا جلنا جلانا بھی تو ہو 

شب کی ظُلمت کی قسم شب میں اُجالا کر دیں 

ہم چراغوں سا جلیں تو کہیں آنا بھی تو ہو 

ہم جو چاہیں تو تِرا نقش مٹا دیں دل سے 

ہاں مگر دل سے تِرا نقش مٹانا بھی تو ہو 

ہم کو مصلُوب کرو، لاشہ جلا دو چاہے 

قبل تعزیر کوئی سننا سنانا بھی تو ہو 

شاہ جی رات گئے دیر گئے تک بھٹکو 

کیسی تاخیر کہیں لوٹ کے جانا بھی تو ہو 


شعیب بخاری

No comments:

Post a Comment