Monday, 20 December 2021

زمانہ تیز ہے جلدی سے شادی ہو تو بہتر ہے

 زمانہ تیز ہے جلدی سے شادی ہو تو بہتر ہے

مگر ہے یہ بھی خواہش بیوی سادی ہو تو بہتر ہے

وہ ایسی ہو کہ باتیں اس کی سن کے دل بہلتا ہو

مگر غصے میں چپ رہنے کی عادی ہو تو بہتر ہے

اسے کھانا بنانے کا ہنر بھی خوب آتا ہو

مگر وہ صبر سے سب کچھ ہی کھاتی ہو تو بہتر ہے

ضروری ہے کہ کچھ شوخی بھی اس کی سادگی میں ہو

تو موقعے پر کبھی وہ منہ بناتی ہو تو بہتر ہے

ادب سے بھی شغف رکھتی ہو کہ شاعر کی بیوی ہے

وہ دل کی بات شعروں میں سناتی ہو تو بہتر ہے

ہمیشہ منہ بسورے گھر میں رہنا نامناسب ہے

مگر موقع بہ موقع روٹھ جاتی ہو تو بہتر ہے

میں گھر جا کر اسے دیکھوں تو دل آرام پاتا ہو

میں جب دیکھوں اسے وہ مسکراتی ہو تو بہتر ہے

کسی موقعے پہ کیسی بات کرنی ہے سمجھتی ہو

کہاں خاموش رہنا ہے سمجھتی ہو تو بہتر ہے

اگرچہ یہ بھی خواہش ہے کہ خود بھی حور جیسی ہو

مگر وہ گھر کو جنت سا بناتی ہو تو بہتر ہے

سویرے گرم چائے بیڈ پہ میرے لے کے آتی ہو

اٹھیں نا جان” کہہ کر وہ جگاتی ہو تو بہتر ہے“

جو گھر سے میں کہیں جاؤں تو مجھ کو یاد کرتی ہو

جو گھر آؤں خوشی سے مسکراتی ہو تو بہتر ہے

اجی ٹینڈے ٹماٹر لے کے آنا” سب ہی کہتی ہیں“

کبھی وہ بے وجہ بھی کال کرتی ہو تو بہتر ہے

وہ دونوں حسن یعنی سیرت و صورت بھی رکھتی ہو

علاوہ ان کے جو بولا ہے ویسی ہو تو بہتر ہے

نہ ایسی ہو کہ ہر دم ناک میں ہی دم کیے رکھے

کبھی وہ شان تھوڑا سا ستاتی ہو تو بہتر ہے


ذیشان لاشاری

No comments:

Post a Comment