Tuesday, 9 August 2022

آؤ بچو سیر کرائیں تم کو پاکستان کی

 ملی نغمہ


آؤ بچو، سیر کرائیں تم کو پاکستان کی

جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

پاکستان زندہ باد! پاکستان زندہ باد

آؤ بچو، سیر کرائیں تم کو پاکستان کی


دیکھو یہ ہے سندھ یہاں ظالم داہر کا ٹولہ تھا

یہیں محمد بن قاسم اللہ اکبر بولا تھا

ٹوٹی ہوئی تلواروں میں کیا بجلی تھی، کیا شعلہ تھا

گنتی کے کچھ غازی تھے، لاکھوں کا لشکر ڈولا تھا

یہاں کے ذرے ذرے میں اب دولت ہے ایمان کی

جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

پاکستان زندہ باد! پاکستان زندہ باد


یہ اپنا پنجاب سجا ہے بڑے بڑے دریاؤں سے

جگا دیا اقبال نے اس کو آزادی کے نعروں سے

اس کے جوانوں نے کھیلا ہے اپنے خون کے دھاروں سے

دشمن تھرّا جاتے ہیں اب بھی ان کی للکاروں سے

دور دور تک دھاک جمی ہے یہاں کے شیر جوان کی

جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

پاکستان زندہ باد! پاکستان زندہ باد


یہ علاقہ سرحد کا ہے سب کی نرالی شان یہاں

بندوقوں کی چھاؤں میں بچے ہوتے ہیں جوان یہاں

ٹھوکر میں زلزلے یہاں ہیں، مٹھی میں طوفان یہاں

سر پہ کفن باندھے پھرتا ہے دیکھو ہر اک پٹھان یہاں

قوم کہے تو ابھی لگا دے بازی یہ سب جان کی

جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

پاکستان زندہ باد! پاکستان زندہ باد


ایک طرف خیبر دیکھو، سرحد کی شان بڑھاتا ہے

شیرِ خدا کی قوت کا افسانہ یہ دہراتا ہے

ایک طرف کشمیر ہمیں جنت کی یاد دلاتا ہے

یہ راوی اور اٹک کا پانی امرت کو شرماتا ہے

پیارے شہیدوں کا صدقہ ہے دولت پاکستان کی

جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

پاکستان زندہ باد! پاکستان زندہ باد


آؤ بچو، سیر کرائیں تم کو پاکستان کی

جس کی خاطر ہم نے دی قربانی لاکھوں جان کی

پاکستان زندہ باد! پاکستان زندہ باد


فیاض ہاشمی

No comments:

Post a Comment