Tuesday, 13 September 2022

فضیلت ہے صحابہ کی با امر رب سبحان

 عارفانہ کلام بیان در شان ٭عشرہ مبشرہ


فضیلت ہے صحابہؓ کی با امرِ ربِ سُبحانَ

کہ ہے قرآن میں فَضلًا مِّنَ اللہِ وَ رِضوانَا

عیاں رُحَمَاءُ بَینَھُم سے یہ شانِ معظم ہے

کہ آپس میں صحابہؓ کی محبت ہے کریمانہ

حقیقت میں یہ لفظِ مَعَہٗ اعلان کرتا ہے

کہ آقاؐ شمعِ حق ہیں اور صحابہؓ مثلِ پروانہ

بَہ آثارِ سجود ان کے منور ہیں وَجُوھِھِم

ہے یہ انجیل اور تورات میں ذکرِ عظیمانہ

سبھی غزوات میں منظر یہ دیکھا ہے اَشِدَّاءُ

صحابہؓ حملہ آور کُفر پہ ہوتے تھے قہرانہ

کَزَرعٍ اَخرَجَ ہے فَاستَویٰ توحید کی کھیتی

کرے یُعجِب خدائے پاک کو جس کا ہر اِک دانہ

جو منظر غیظ کا باعث ہے سب کُفار کی خاطر

وہ منظر ہے بہارِ فصلِ توحیدی کا فرحانہ

مِلی اَجرً عظیم ان کو سند خود ربِ عالم سے

عُلُوِّ شانِ اصحابِؓ محمدﷺ ہے جداگانہ

رقم فتحِ مبیں میں ہے ندیم اصحابؓ کی عظمت

یہ امرِ ربِ کعبہ ہے، نہیں ہرگز یہ افسانہ


ندیم اختر

٭عشرہ مبشرہ سے مراد وہ دس صحابۂ کرام ہیں جن کو آقاﷺ نے ان کی زندگی میں ہی جنتی ہونے کی بشارت دے دی تھی۔

حضرت ابوبکر صدیقؓ

حضرت عمر فاروقؓ

حضرت عثمانؓ ذوالنورین

حضرت علیؓ المرتضیٰ

حضرت طلحہؓ ابن عبیداللہ

حضرت زبیرؓ بن العوام

حضرت عبدالرحمٰنؓ ابن عوف

حضرت سعدؓ بن ابی وقاص

حضرت سعیدؓ بن زید

حضرت ابوعبیدہؓ ابن الجراح

No comments:

Post a Comment