عارفانہ کلام نعتیہ کلام
رخِ مصطفیٰﷺ کو دیکھا تو دِیوں نے جلنا سیکھا
یہ کرم ہے مصطفیٰؐ کا، شب غم میں ڈھلنا سیکھا
یہ زمیں رکی ہوئی تھی،۔ یہ فلک تھما ہوا تھا
چلے جب میرے محمدﷺ تو جہاں نے چلنا سیکھا
بڑا خوش نصیب ہوں میں میری خوش نصیبی دیکھو
شاہ انبیاءﷺ کے ٹکڑوں پہ ہے میں نے پلنا سیکھا
میں گِرا نہیں جو اب تک یہ کمال مصطفیٰﷺ ہے
میری ذات نے نبیؐ سے ہے صدا سنبھلنا سیکھا
میرا دل بڑا ہی بے حس تھا کبھی نہیں یہ تڑپا
سنی نعت جب نبیﷺ کی تو یہ دل مچلنا سیکھا
میں تلاش میں تھا رب کی کہاں ڈھونڈتا میں اس کو
لیا نام جب نبیﷺ کا تو خدا سے ملنا سیکھا
میں رہا خلش مظفر درِ پاک مصطفیٰﷺ پر
میرے جذبۂ عاشقی نے کہاں گھر بدلنا سیکھا
مظفر وارثی
No comments:
Post a Comment