Thursday, 8 September 2022

جہان انسانیت میں توحید کا مقدس خیال زہرا

 مدحت فاطمہ زہراؑ


جہانِ انسانیت میں توحید کا مقدس خیال زہراؑ

شرف میں وحدت ادا، امامت جبیں، نبوّت جمالِ زہراؑ

ہو جس پہ نازاں دلِ مصور، وہ نقشِ حسنِ کمال زہراؑ

خدائے بے مثل کی خدائی میں تا ابد بے مثال زہراؑ

یہ شمعِ عرفانِ ایزدی ہے، یہ مرکزِ آلِ مصطفیٰؐ ہے

حسنؑ سے مہدیؑ تلک امامت کے سلسلے کی یہ ابتدا ہے

یہ ف سے فہمِ بشر کا حاصل، الف سے الحمد کی کِرن ہے

یہ ط سے طہٰ کے گھر کی رونق، یہ م سے منزلِ محن ہے

یہ ہ سے ہر دو سرا کے سلطاںؐ کے دیں کی پُرنور انجمن ہے

یہ ز سے زینت زمیں کی، ہ سے ہدایتوں کا ہرا چمن ہے

یہ ر سے رہبر رہِ وفا کی، الف سے اول نسب ہے اس کا

اسی لیے نام فاطمہؑ ہے، جناب زہراؑ لقب ہے اس کا

یہ مصحفِ آلِؑ مصطفیٰﷺ میں مثالِ یٰسین محترم ہے

نہ پوچھ اس کی بلندیوں کو آسماں بھی تہِ قدم ہے

اسی کے جلوؤں سے ہے یہ دنیا اسی کی غیبت رخ عدم ہے

اسی کی چوکھٹ پہ سجدہ کرنے سے آسماں کی کمر میں خم ہے

کیا ہے دونوں جہاں میں حق نے کچھ اس طرح انتخاب اس کا

کہ مرتضیٰؑ کے سوا جہاں میں نہیں ہے کوئی جواب اس کا


محسن نقوی

No comments:

Post a Comment