Friday, 16 August 2024

خالق نے بنایا ہے نگہبان محمد

 عارفانہ کلام حمد نعت منقبت


خالق نے بنایا ہے نگہبانِ محمدﷺ

گویا ابو طالبؑ ہوئے جزدانِ محمدﷺ

اسلام کے ظاہر سے بھی پہلے تھے مسلماں

ایسا ہے کوئی اور مسلمانِ محمدﷺ

رتبہ ابو طالبؑ کا وہ سمجھے گا بھلا کیا

جو شخص کہ رکھتا نہیں عرفانِ محمدﷺ

زیبا تھا اسی نطق سے جاری ہو وہ خطبہ

دکھلائی گئی شان ہے شایانِ محمدﷺ

وہ کفر کے فتوے بھی لگاتے ہی رہیں گے

اجداد ہوئے جن کے گریزانِ محمدﷺ

دہلیز ہے عمرانؑ کی وہ مرکزِ عشّاق

جس جا پہ جھکے جاتے ہیں رضوانِ محمدﷺ

رخشندہ ترے قلب پہ اترا یہ صحیفہ

الفت ابو طالبؑ کی بعنوانِ محمدﷺ


رخشندہ بتول

No comments:

Post a Comment