عارفانہ کلام حمد نعت منقبت
کیوں کر نہ ہوں معیارِ سخا فاطمہ زہراؑ
ہیں دُخترِ محبوبِ خُداﷺ فاطمہ زہراؑ
ہیں نُورِ محمدﷺ بخدا، فاطمہ زہراؑ
محشر میں ہیں رحمت کی گھٹا فاطمہ زہراؑ
مادر ہیں وہ زینبؑ کی حسینؑ اور حسنؑ کی
ہیں آلِؑ محمدﷺ کی رِدا فاطمہ زہراؑ
پوچھا جو کسی نے کہ ہیں خاتونِ جِناں کون
آہستہ سے رضواں نے کہا؛ فاطمہ زہراؑ
ایک ایک نظر حاملِ صد لُطف و کرم ہے
ہیں وارثِ فیضان و عطا فاطمہ زھراؑ
نام اُن کا ہے اکسیر پئے ردِّ بلیّات
ہیں درد کی میرے بھی دوا فاطمہ زہراؑ
اوصافِ حمیدہ میں وہ ممتاز ہیں سب سے
ہیں جُملہ خواتیں سے جُدا فاطمہ زہراؑ
دیتی ہے وفائے حسنینؑ اس کی شہادت
ہر لمحہ تھیں راضی بہ رضا فاطمہ زہراؑ
اب تو ہے نصیر اُن سے عقیدت کا یہ عالم
ہر حال میں ہے وِرد مِرا؛ فاطمہ زہراؑ
سید نصیرالدین نصیر
No comments:
Post a Comment