عارفانہ کلام منقبت سلام بحضور امام حسینؑ
کیا خاک وہ ڈریں گے لحد کے حساب سے
منسوب ہیں جو خاکِ رہِ بو ترابؑ سے
مشکل کشا ہیں پاس، فرشتو! ادب کرو
مشکل میں ڈال دوں گا سوال و جواب سے
خیبر میں دیکھنا یہ ہے جبریل یا اجل
لپٹا ہوا ہے کون علیؑ کی رکاب سے
پہلے یہ ضد تھی خواب میں دیکھیں گے خُلد کو
اب ضد یہ ہے کہ خُلد میں جاگیں گے خواب سے
جیسے چُنا علیؑ کو نبی نے غدیر میں
ہر انتخاب سیکھ لو اِس انتخاب سے
جو یا علی مدد کو گنہ کہہ کے چِڑ گئے
واقف نہیں وہ میرے گناہ کے ثواب سے
اب تک شباب کا نہیں دنیا کو اعتبار
روٹھے کچھ اس طرح علی اکبرؑ شباب سے
محسن وِلائے آلِ نبیﷺ کا صلہ ہے خُلد
میں نے یہی پڑھا ہے خدا کی کتاب سے
محسن نقوی
No comments:
Post a Comment